• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ٹی 20، پاکستان ہدف پانے میں ناکام، سری لنکا فتح یاب، سیریز برابر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سری لنکا نے بارش زدہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 14رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔ دمبولا میں بارش کے باعث تیسرا اور آخری میچ 12، 12 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ اور نوجوان وکٹ کیپر بیٹر خواجہ نافع کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ خواجہ نافع نے اپنا ڈیبیو کیا، سری لنکا کے چھ وکٹ پر160رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 8وکٹ پر146رنز بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر اچھا اسٹارٹ نہیں دے سکے ۔ 9 رنز پر صاحب زادہ فرحان سات گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 9رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، صائم ایوب نے پانچ گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے6رنز اسکور کئے۔ سلمان علی آغا نے جارحانہ انداز اپنایا وہ 12 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں سے45رنز بناسکے، ڈیبیو کرنے والے خواجہ نافع نے 15گیندوں پر26رنز بنائے ان کے اسکور میں ایک چوکا اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔ عثمان خان صرف ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے، شاداب خان نے تین گیندوں پر ایک چھکا لگایا اور آئوٹ ہوگئے ، محمد نواز نے15گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں سے28 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ مشکل حالات میں میچ کو پاکستان کے حق میں فنش کرنے میں ناکام رہے۔ فہیم اشرف نو رنز پر رن آئوٹ ہوگئے، انہوں نے دو چوکے بھی لگائے، محمد وسیم 7 اور نسیم شاہ ایک رن پر ناٹ آئوٹ رہے۔ ونندو ہسارنگانے35 رنز دے کر چار ، متھیشا پتھیرانا نے 34رنز دے کر دو اور ایشان ملنگا نے27رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔ قبل ازیں اتوار کو تیسرے اور آخری میچ میں سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ سلمان آغا نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ میچ مختصر ہے، اس لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم نے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹ پر 160 رنز بنائے، سری لنکا کی جانب سے داسن شاناکا 34 رنز بناکر ٹاپ ا سکورر رہے، کوشال مینڈس 30، دھننجایا ڈی سلوا 22 رنز، چارتھ اسالنکا نے 21 اور کامل مشارا نے 20 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے54رنز کے عوض تین وکٹ لئے، نسیم شاہ نے 35رنز دے کر ایک وکٹ لی، محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش منسوخ کردیا گیا تھا۔

اسپورٹس سے مزید