ڈھاکہ/ودودارا (جنگ نیوز)بھارت اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان سیکیورٹی خدشات اور مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل معاملے پر پیدا ہونے والے تنازع کے دوران ایک دلچسپ اور اہم صورتحال سامنے آ گئی ہے۔ بنگلہ دیش کے ایلیٹ آئی سی سی امپائر شریف الدولہ ابن شاہد سائکت بھارت میں جاری بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ سیریز میں بطور میچ آفیشل خدمات انجام دیتے نظر آئے، جس پر کرکٹ حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے حال ہی میں سیکیورٹی خدشات کے باعث آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔ بی سی بی امپائر ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین افتخار رحمان کے مطابق شریف الدولہ آئی سی سی کے امپائر ہیں اور انہیں بورڈ سے کسی این او سی کی ضرورت نہیں۔ معاہدے کے تحت آئی سی سی کی ذمہ داری ملنے کی صورت میں امپائر خودبخود بی سی بی سے رخصت پر تصور کیا جاتا ہے اور بورڈ کو اجازت دینے یا نہ دینے کا اختیار حاصل نہیں۔ شریف الدولہ اس وقت بی سی بی کے امپائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ بھی ہیں ۔ امکان ہے کہ وہ اور غازی سہیل آئندہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، جو بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، میں بھی میچ آفیشلز کے فرائض سرانجام دیں گے۔ یہ صورتحال بھارت اور بنگلہ دیش کرکٹ تعلقات کے موجودہ تناظر میں خاصی معنی خیز قرار دی جا رہی ہے۔