• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن الزامات پر ہٹائے گئے ویکسی نیٹرکی دوبارہ تعیناتی

کراچی (بابر علی اعوان) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سینٹرل سے سنگین الزامات کے تحت عہدے سے ہٹائے گئے ویکسی نیٹر فیاض احمد کو نہ صرف دوبارہ ضلع میں تعینات کر دیا گیا ہے بلکہ احکامات کے برعکس اس سے اکاؤنٹس اور ٹینڈرنگ جیسے حساس مالی امور بھی لیے جا رہے ہیں، جس پر شدید سوالات اٹھ رہے ہیں۔ جنگ کو دستیاب دستاویزات کے مطابق سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سینٹرل نے یکم ستمبر 2025 کو جاری کردہ ریلیونگ آرڈر نمبر DHOK/CEN/6902/06 کے ذریعے فیاض احمد کو سنگین بدعنوانی، کمیشن پر مبنی لین دین، جھوٹے بیانات کے ذریعے فیصلوں پر اثرانداز ہونے اور ڈاکٹرز و خواتین عملے کو ہراساں کرنے جیسے الزامات پر عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ مراسلے میں واضح کیا گیا تھا کہ اس کے اقدامات پروگرام کی مالی شفافیت اور احتساب کے نظام کے لیے خطرہ ہیں اور سفارش کی گئی تھی کہ اسے کسی اور ضلع میں تعینات کر کے مزید کارروائی کی جائے۔ بعد ازاں فیاض کو ضلع شرقی منتقل کیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق اس کی کارکردگی اور حاضری پر بھی سوالات اٹھتے رہے۔ اب پراجیکٹ ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ ڈاکٹر راج کمار نے باقاعدہ آفس آرڈر جاری کرتے ہوئے اسے دوبارہ ضلع وسطی میں تعینات کر دیا۔ آفس آرڈر کے مطابق ڈی ایچ او ایسٹ کراچی کی جانب سے 2 دسمبر 2025 کو ایک درخواست (Letter No. DHO/(East)/1902/) کے ذریعے فیاض احمد کی ضلع وسطی میں واپسی کے لیے رجوع کیا گیا جس پر فیاض احمد کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سینٹرل کے سپرد کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ اسے SEIR-ZMP سسٹم میں رجسٹر کر کے اس کی کارکردگی کی سخت نگرانی کی جائے اور خاص طور پر اس کے ماضی کے غیر حاضری ریکارڈ کے تناظر میں ماہانہ رپورٹ ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کی جائے تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس سامنے آئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید