کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ورلڈ بینک، یلو لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ،مزید 157.7ملین ڈالر کی منظوری،کراچی موبیلٹی پراجیکٹ کے تحت منصوبے کی تکمیل کی مدت آئندہ برس تک بڑھا دی گئی،منصوبوں کی رفتار پر اطمینان، سینئر وزیر شرجیل میمن کے مطابق منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں اور ڈپو اور پلوں سمیت اہم انفرااسٹرکچر پر پیش رفت جاری ہے جبکہ حکومت شہر میں جدید ماس ٹرانزٹ نظام کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے کراچی موبیلٹی پراجیکٹ کے تحت یلو لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کے لئے مزید 157.7 ملین ڈالر کی منظوری دی ہے اور اس کی تکمیل کی مدت 2028 تک بڑھا دی گئی ، بینک نے سندھ حکومت کی اصلاحاتی مہم اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز ہونے پر اظہار اطمینان اور سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اہم منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد جاری ہے، خصوصاً جام چاکرو میں کراچی کے سب سے بڑے لینڈ فل سائٹ کی تعمیر کو شہر کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کی جدید کاری میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔یہ اظہارِ اطمینان 4.1 ارب ڈالر مالیت کے عالمی بینک کے تعاون سے جاری 14 منصوبوں کے اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا گیا جس کا مشترکہ طور پر جائزہ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی سربراہی میں صوبائی ٹیم اور عالمی بینک حکام نے لیا۔ اب تک تقریباً 2.2 ارب ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں جو مختلف شعبوں میں مستحکم پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں۔