کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے حکومتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ٹاؤن و یوسی چیئر مینوں کی تمام شکایات کو دور کیا جائے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ سرد موسم میں بھی نصف شہر پانی سے محروم ہے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ اور رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئر مینوں کے ہمراہ پیر کے روز وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے ان کے دفتر سندھ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن و سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی نا اہلی اور مسائل کے حل سے عدم دلچسپی کے باعث پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا، ٹاؤن چیئر مینوں نے دونوں حکومتی اداروں کے حوالے سے درپیش مسائل اور شکایات کے انبار لگا دیے اور تفصیل سے پوری صورتحال بیان کی، ملاقات میں واٹر کارپوریشن کے سی ای او اسد اللّٰہ خان اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے طارق نظامانی و دیگر بھی موجود تھے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ ا س سے قبل کی گئی کئی ملاقاتوں اور حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود مسائل حل نہیں ہو رہے اور عوام پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، کچرا نہ اُٹھانے جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔