کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی اُمور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نو مئی کی ویڈیوز پر پنجاب فارنزک رپورٹ سے پی ٹی آئی کا جھوٹا بیانیہ بے نقاب کر دیا ہے، ان ویڈیوز میں سہیل آفریدی نظر آرہے ہیں۔ رہنما تحریک انصاف ایڈووکیٹ علی بخاری نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کے انتخاب میں کیا رکاوٹ ہے ۔ پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا ہونا چاہئے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ میزبان حامد میر نے پروگرام کے ابتدائیہ میں کہا کہ ایران نے مظاہروں کازور ٹوٹ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی اُمور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن کو کل کا ٹائم دیا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیں پرسوں انتخاب ہوجائے گا۔ ایران کی صورتحال سے متعلق ڈبیٹ ضرور ہوگی۔ ایران میں پاکستان مخالف تنظیمیں موجود ہیں وہ پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اور ہم نے اس کے شواہد پوری دنیا کو دئیے بھی ہیں کلبھوشن بھی ایران کے راستے ہی آیا تھا۔ ہماری حکومت کسی امریکی سازشکا حصہ نہیں بنے گی ملک کی داخلی و خارجی سلامتی پہلی ترجیح ہے دیگر ممالک سے تعلقات اچھے رکھنا چاہتے ہیں لیکن اخلاقی اور عملی سالمیت کے اصولوں پرسمجھوتا نہیں ہوسکتا۔ میں نے ہمیشہ مذاکرات پر زور دیا ہے چودہ سے پندرہ تحریک انصاف کے ایم این ایز اسپیکر کے چیمبر میں بیٹھ بات کر رہے تھے اسپیکر نے کہا ہے کہ ابھی باضابطہ مذاکرات نہیں ہیں البتہ ہم امید کرسکتے ہیں کہ اس سے کوئی راستہ نکل آئے ۔ آج سہیل آفریدی ثبوت مانگ رہے تھے حالانکہ ستر فیصد دہشت گردی خیبرپختونخوا میں ہو رہی ہے تو ضروری ہے ایسے بیانات نہ دیں کہ ان لوگوں کی دل آزاری ہو جو براہ راست اس دہشت گردی کی جنگ میں متاثر ہو رہے ہیں۔