کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے مس انفارمیشن موجودہ دور کا سب سے بڑا اور سنگین چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے حکومت، میڈیا، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ حکومت تنہاء غلط معلومات کے خلاف موثر کردار ادا نہیں کر سکتی۔ آئی بی اے کراچی کے زیر اہتمام ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے فروغ کے بعد غلط معلومات سے نمٹنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔ تاہم بطور وزیر اطلاعات اس چیلنج کے تدارک کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جو وزارت اطلاعات کا ملحقہ ادارہ ہے۔ وزارت کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے معلومات کی تصدیق کی جاتی ہے۔ جعلی خبروں کو باقاعدہ طور پر فیک انفارمیشن کا لیبل لگایا جاتا ہے۔ آئی ویریفائی نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی جگہ بنائی ہے جو انتہائی حوصلہ افزاء ہے۔ آئی بی اے نے آئی ویریفائی پاکستان کے قیام کے حوالے سے شاندار کام کیا ہے۔