کراچی(نیوز ڈیسک) واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور ٹاؤن انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے شادمان ٹاؤن میں سیوریج کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، گٹر ابلنے سے انڈہ موڑ سے قلندریہ تک جگہ جگہ گندا پانی جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ مسجد، مارکیٹ کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہے، سیوریج کا پانی جمع ہونے سے سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھے پڑ گئے، چند ماہ قبل بننے والی سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جبکہ لوگوں کا چلنا دشوار ہوگیا، گندے پانی کی وجہ سے مچھروں کی بھرمار سے علاقہ مکین شدید پریشان ہیں۔تفصیلات کے مطابق شادمان ٹاؤن میں انڈہ موڑ کے قریب سیوریج کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے،گٹر کا گندہ پانی خضر مسجد کے سامنے جمع ہو جاتا ہے،متاثرہ مقام پرموجود عمار ت کے نیچے دکانیں بھی موجود ہیں۔ علاقہ مکین نے اس حوالے سے اپنی شکایات نارتھ ناظم آباد یو سی 2 میں جمع کرانے کی کوشش کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ سیوریج کا مسئلہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نارتھ ناظم آباد دیکھے گا۔جب سیوریج کارپوریشن نارتھ ناظم آباد کو شکایت دی گئی تو انہوں سروے کرنے کے بعد کہا کہ یہ گٹر غیر قانونی طور پر بنائے گئے ہیں۔ اس کے خلاف ایکشن نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی طرف سے کیا جائے گا۔ گندے پانی کی وجہ سے علاقہ میں مچھروں کی بھرمار ہے۔ کیچڑ جمع ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے اکثر حادثہ کا شکار ہو رہے ہیں۔ اہلیان علاقہ نے ٹاؤن انتظامیہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔