کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں گیس کا بحران دوسرے روز بھی جاری رہا،صارفین کو مشکلات، بیشتر علاقوں میں گیس کی مکمل بندش یا کم پریشر ،روٹی کیلئے تندرو ں اور ہوٹلز پر طویل قطاریں،گارڈن ویسٹ ، عثمان آباد اور غازی نگر میں کئی ماہ سے گیس کے پریشرمیں شدید کمی، علاقہ مکین پریشان ، مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ ایس ایس جی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہورہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں گیس کا بحران دوسرے روز بھی جاری رہا، بیشتر علاقوں میں گیس کی مکمل بندش یا کم پریشر سے صارفین کو مشکلات کا سامنا رہا،روٹی کے حصول کے لئے تندرو ں اور ہوٹلز پر طویل قطاریں لگ گئیں ،شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی کے بڑھتے ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی بڑھ گئی،بعض علاقوں میں پرانے صارفین کی گیس تو بند ہے ، لیکن وہ صارفین جن کو این ایل جی کے نئے کنکشن دیئے گئے ہیں ان کی گیس بحال ہے ماڈل کالونی میں خاص طور پر پرانے صارفین کی گیس منگل کی صبح سے بند ہے لیکن ایل این جی کے کنکشن والوں کی گیس آرہی ہے ،شہریوں نے شکایت کی ہے کہ گلستان جوہر اسکیم 33، ملیر، سعود آباد، نارتھ کراچی میں بھی گیس بند ہے ۔پی آئی کالونی کالونی، ناظم آباد، شادمان ٹان، سرسید ٹاؤن، کاٹھور میں بھی گیس کا پریشر بہت کم ہے ۔گارڈن ویسٹ ، عثمان آباد اور غازی نگر میں کئی ماہ سے گیس کا پریشر شدید کم ہے جس کے باعث علاقہ مکین پریشان ہیں اور سردیوں میں روزمرہ کے امور چلانے اور کھانا پکانے کیلئے مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں ۔ ادھر ، بوہرہ پیر، اختر کالونی، منظور کالونی، چنیسر گوٹھ، گڈاپ، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی قلت کا سامنا ہے،ترجمان ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ کراچی کے بعض علاقوں میں گیس پریشر کم ہے تاہم صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔