اسلام آباد (جنگ رپورٹر)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائی کورٹ کے 11 ایڈیشنل ججوںکو مستقل کرنے کی باضابطہ سفارش کر دی ہے جبکہ جسٹس طارق محمود باجوہ کی مدتِ ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کی سفارش بھی کی گئی ہے تاہم جسٹس راجہ غضنفر علی خان کو مستقل کرنے کی سفارش نہیں کی گئی ، جس کے باعث وہ اپنے عہدہ پر برقرار نہیں رہ سکیں گے۔جمعرات کے روز چیف جسٹس ،یحیٰ آفریدی کی زیر ِ صدارت سپریم کورٹ میں منعقدہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے 13 ایڈیشنل ججوں کی کارکردگی اور ڈیٹا فارم کا جائزہ لینے کے بعد اکثریت کی بنیاد پرجسٹس حسن نواز مخدوم ، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان ،جسٹس سردار اکبر علی ، جسٹس سید احسن رضا کاظمی ، جسٹس ملک جاوید اقبال وینس ، جسٹس محمد جواد ظفر، جسٹس خالد اسحاق ، جسٹس ملک محمد اویس خالد، جسٹس چوہدری سلطان محمود، جسٹس تنویر احمد شیخ ،اورجسٹس عبہر گل خان کو مستقل جج کے طور پر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔