کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے جاری کشیدگی میں اہم موڑ آگیا۔ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سخت موقف کے سامنے پسپائی اختیار کرتے ہوئے اپنے وفد کو ڈھاکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی سی بی کے مطابق وفد کا دورہ مسئلے کا حل تلاش کرنے اور کھلاڑیوں، آفیشلز اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہوگا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بیک اپ وینیو کے طور پر سری لنکا کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔ آئی سی سی کے وفد میں اعلیٰ سطح کے حکام شامل ہوں گے جو بی سی بی کے صدر، نائب صدور اور کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔ اس نئی پیش رفت کی تصدیق بنگلہ دیش کے یوتھ اینڈ اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرول نے کی ۔جنہوں نے کہا ہے کہ آئی سی سی وفد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے حکام سےملاقات کے لیے ہفتے کو ڈھاکا پہنچ رہا ہے۔ بنگلہ دیش اپنے موقف پر قائم ہے کہ وہ سیکورٹی خدشات پر بھارت کا سفر نہیں کرے گا۔ آئی سی سی وفد بنگلادیشی بورڈ کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریگا۔ بنگلادیشی کرکٹ بورڈ اپنے میچز سری لنکا میں کھیلنا چاہتا ہے ۔