کراچی( اسٹاف رپورٹر) پریڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چوتھے راؤنڈ کے دوسرے روز جمعے کو غنی گلاس کے نعمان علی نے واپڈا کے خلاف پہلی اننگز میں 59رنز پر سات وکٹ لے کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنادیا، 142رنز کے جواب میں واپڈا پہلی اننگز میں 223رنز بناسکی ، دوسری اننگز میں غنی گلاس نے دو وکٹ پر166رنز کے ساتھ85رنز کی برتری حاصل کرلی ہے، خواجہ ارحم 68 اور کاشف علی نے53 رنز بنائے ۔ اسٹیٹ بینک کے خلاف کے آر ایل نے پہلی اننگز میں 259 رنز کی سبقت حاصل کرلی، سرمد بھٹی 100رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، وقار احمد نے 138اور سعد بیگ نے29رنز بنائے، اسٹیٹ بنک کے 106رنز کے جواب میں کے آر ایل نے 8 وکٹ پر365 رنز بنالئے ہیں۔ ادھر سرکاری ٹی وی نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹ پر99 رنز بناکر سوئی ناردرن کے خلاف 27رنز کی برتری حاصل کرلی، پہلی اننگز میں ٹی وی نے 166رنز بنائے تھے، سوئی ناردرن نے پہلی اننگز میں 238 رنز بنائے۔ سیف اللہ بنگش نے71رنز اسکور کئے، علی عثمان نے چار جبکہ احمد بٹ اور اسرار حسین نے تین، تین وکٹ لیے۔