کراچی(اسٹاف رپورٹر) بگ بیش لیگ میں اسٹیو اسمتھ اور بابر اعظم نے سڈنی سکسرز کو سڈنی تھنڈر کے خلاف کامیابی دلوادی۔ سکسرز نے190 رنز کا ہدف 5وکٹوں پر حاصل کرلیا.۔ اسٹیواسمتھ نے 42 گیندوں9چھکے اور پانچ چوکے لگاکر100رنز بنائے۔ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ141رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی، بابر اعظم39گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے47رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس دوران اسمتھ نے ایک موقع پر آخری گیند پر بابر اعظم کو اسٹرائیک دینے سے انکار کردیا جس پر وہ ناراض نظر آئے۔ لیکن اسمتھ نے اگلے اوور میں4چھکے اور چوکے کی مدد سے اوور میں 32 رنز بٹور کر کسر پوری کردی تھی۔ ناکام ٹیم نے6وکٹوں پر 189 رنز بنائے تھے، کپتان ڈیوڈ وارنر کی 65 گیندوں پر 110 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔