اندور (اسپورٹس ڈیسک) بھارتی سر زمین پر نیوزی لینڈ نے فیصلہ کن وار کرکےرقم کر دی، ہولکر اسٹیڈیم اندور میں تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں کیویز نے بھارت کو 41 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ یہ بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اسے اپنی ہی ہوم کنڈیشنز میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں کسی ون ڈے دو طرفہ سیریز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ ویرات کوہلی کی 124 رنز کی شاندار اننگز بھی بھارت کو اس ہزیمت سے نہ بچا سکی اور پوری ٹیم 338 رنز کے تعاقب میں 46 اوورز میں 296 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ اتوار کو نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں غلط ثابت ہوتا دکھائی دیا۔ پیسر ارشدیپ سنگھ نے پہلے ہی اوور میں ہنری نکولس کو صفر پر کلین بولڈ کر کے سنسنی پھیلا دی، جبکہ ہرشت رانا نے ڈیون کونوے کو 5 رنز پر چلتا کیا۔ 58 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ بھارتی بولرز مہمان ٹیم کو جلد قابو کر لیں گے، مگر یہاں سے ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے محاذ سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 219 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت قائم کی ۔ ڈیرل مچل نے 137 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جبکہ گلین فلپس نے محض 106 رنز کی جارحانہ باری سے بھارتی بولرز کے کس بل نکال دیے۔ کیوی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 337 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب رہی۔ ارشدیپ اور ہرشت رانا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارت کا آغاز مایوس کن رہا، روہت شرما 11 اور شبمن گل 23 رنز بنا کر پویلین گئے۔ بھارت 71 رنز تک بھارت چار ٹاپ وکٹیں گنوا بیٹھا تھا۔ البتہ دوسری جانب ویرات کوہلی چٹان ڈٹے رہے۔ انہوں نے پہلے نتیش کمار ریڈی (53) کے ساتھ مل کر امید کی شمع جلائی اور پھر 108 گیندوں پر 124 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ۔ میچ کے آخری لمحات میں ہرشت رانا نے 52 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر سنسنی پیدا کی، لیکن 292 کے مجموعی اسکور پر جب کوہلی کرسچن کلارک کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو بھارت کی امیدیں دم توڑ گئیں اور پوری ٹیم 296 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔