کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ گل پلازہ ،مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کےرہنماؤں کا دورہ، فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہ ہونا ایک سنگین جرم بن چکا ہے، رہنماؤں نے ؤمطالبہ کیا کہ سندھ حکومت 14 سے زائد افراد کی موت پر فوری استعفٰی دے، مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے تحت گل پلازہ کے باہر امدادی کیمپ قائم کئے گئے ، متاثرہ دکانداروں اور تاجر رہنماؤں سے ملاقاتیں اور میڈیا سے گفتگو کی تفصیلات کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری اور مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے گل پلازہ کا دورہ کیا اور آتشزدگی سے متاثرہ دکانداروں اور تاجر رہنماؤں سے ملاقات کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،اس سانحے میں ہونے والا جانی و مالی نقصان ناقابل تلافی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت فوری طور پر متاثرہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ کرے، مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ شبیر حسن میثمی نے کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے ان کا کہنا تھایہ سانحہ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ برسوں سے جاری حکومتی غفلت، ناقص منصوبہ بندی اور تباہ حال شہری ڈھانچے کا شاخسانہ ہے، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی سربراہی میں صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نےپیر گل پلازہ ک کے دورے میں کہا کہ دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں متاثرین سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کیلئےآئے ہیں ، سانحہ شہری انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور فائر سیفٹی نظام کی سنگین ناکامی ہے ، پی ٹی آئی کراچی کی تر جمان فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے گل پلازہ کے باہر امدادی کیمپ قائم کر دیا متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ، کراچی کے صدر راجہ اظہر اور دیگر نے گل پلازہ کا دورہ کیا اور آتشزدگی کے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے گل پلازہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہیں ، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور، جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی، عبدالحاکم قائد اور و دیگر رہنماؤں نے سانحہ گل پلازہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت 14سے زائد افراد کی موت پر فوری استعفٰی دے،متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔