کراچی ( جنگ نیوز ) سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور متاثرہ تاجر برادری سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستان مسلم لیگ(ن) بزنس فورم کے صدر اشتیاق بیگ نے بزنس فورم کے سینئر عہدیداران علی حیدر، علی انصر جاوید اور دیگر کے ہمراہ جائے وقوع کا دورہ کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اشتیاق بیگ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز اور سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والا شہر ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی مراکز میں بار بار آتشزدگی کے واقعات شہر کے کاروباری مراکز کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اشتیاق بیگ نے مطالبہ کیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین اور متاثرہ افراد کو فوری معاوضہ دیا جائے، واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلٰی سطح انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں، انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ متاثرہ دکانداروں کے روزگار کی بحالی کے لیے اس مقام پر نئی عمارت کی تعمیر کا اعلان کریں۔