• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اندرون شہر کو اس کی اصل تاریخی شناخت میں بحال کیا جائیگا ،کمشنرملتان

ملتان(سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے علی الصبح اندرون شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد قلعہ ملتان کی تاریخی فصیل اور قدیم دروازوں کی بحالی سے متعلق جاری اور مجوزہ اقدامات کا عملی جائزہ لینا تھا۔کمشنرنے دہلی گیٹ، پاک گیٹ، حرم گیٹ اور بوہڑ گیٹ کا معائنہ کیا اور ان مقامات پر تجاوزات کے خلاف سخت اور مسلسل کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اندرون شہر کو اس کی اصل تاریخی شناخت میں بحال کیا جائے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر ملتان نے بتایا کہ قدیم فصیل کی بحالی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت دہلی گیٹ سے بوہڑ گیٹ تک دیوار کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خونی برج سے پاک گیٹ تک فصیل کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ اب دیگر حصوں کی مرمت اور تحفظ کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے دوران قانونی ملکیت والے مالکان کو مکمل معاوضہ ادا کیا جائے گا اور اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے تمام ریکارڈ کی باریک بینی سے جانچ کی جائے گی تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو، ڈی سی ملتان نعمان صدیق ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ مبشر رحمان سی ای او کارپوریشن اقبال خان اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔
ملتان سے مزید