ملتان (سٹاف رپورٹر)ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران مبینہ طور پر صفائی چیک کرنے کے بہانے ماہانہ لاکھوں روپےکا پٹرول استعمال کرنے لگےجس کے باعث ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے،کمپنی کی جانب سے ٹھیکہ داروں کو ماہانہ کروڑوں روپے کی ادائیگی کے باوجود ملتان شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر نہیں ہوئی، مرکزی شاہراوں کو چمکا کر ضلعی انتظامیہ کو مطمئن کردیا گیا، اندرون شہر، پرانا شجاع آباد روڈ، زیڈ ٹاون، قدیر آباد، منظورآبادسمیت دیگر علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکی جب کہ دوسری طرف ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی پریس ریلز کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ میں جاری صفائی آپریشن کی انسپکشن کی،اس موقع پر انہوں نے گلی محلوں، مرکزی سڑکوں، بازاروں اور کمرشل علاقوں میں صفائی کے انتظامات، کوڑا کرکٹ کی بروقت کلیکشن اور منتقلی کے عمل کا تفصیلی معائنہ کیا، انہوں نے صفائی عملے کی حاضری، مشینری کے استعمال اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس پر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ صفائی کے عمل میں تسلسل برقرار رکھا جائے اور کسی بھی علاقے کو نظر انداز نہ کیا جائے۔