ملتان ( سٹاف رپورٹر) سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان کی تینوں یونینز ، ویلفیئر ایمپلائز یونین، محنت کش یونین اور لیبر اتحاد یونین کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تینوں یونینز کے مرکزی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ورکرز کو درپیش سنگین مسائل کے حل کے لئے نئی مشترکہ حکمت عملی تیار کی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی، اجلاس کی صدارت سی بی اے یونین کے جنرل سیکرٹری حماد افضل ڈوگر رضوان احمد بھٹہ ریاض خاکوانی ،اختر عباس جوہیہ ،سعید ڈیرے وال ،شیخ اسمعیل نے کی، اجلاس میں سینیئر نائب صدر ریاض خان خاکوانی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک عامر اعوان، ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ریاض مسیح، سنی یوسف مسیح، صدر شیخ اسماعیل ڈویژن ملتان ، ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری رضوان احمد بھٹہ، صدر اللہ ڈتہ لاہوری، لیبر اتحاد یونین ملتان کے صدر، سرپرست اعلیٰ اختر جوئیہ ، چیئرمین غلام فرید ڈیرے وال اور وائس چیئرمین غلام رضا ڈیرے وال نے شرکت کی۔ اجلاس میں اربوں روپے مالیت کی مشینری کی ناقص دیکھ بھال، ناقص ڈیزل کے استعمال سے گاڑیوں کے انجن تباہ ہونے اور مبینہ کرپشن کے معاملات کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ یونین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پہلے16جنوری کو ہڑتال پر جارہے تھے لیکن انتظامیہ نے مطالبات تسلیم کرنے کیلئے 20جنوری تک ٹائم مانگا لیکن ایک کام نہ ہو اب 23جنوری کو ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں کام بند اور ہڑتال ہوگی ریاض خان خاکوانی نے کہا اگر ورکرز کو بنیادی سہولیات اور ان کا جائز حق نہ ملا تو صفائی کا نظام مزید تباہ ہو جائے گا۔