اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری عمر عبداللہ کیس کی سماعت کے دوران وزارتِ دفاع سے پالیسی سے متعلق وضاحت طلب کرلی ،جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بنچ نے منگل کے روز لاپتہ شہری عمر عبداللہ کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران وزارت دفاع کے نمائندہ کو ہدایت کی کہ وہ لاء آفیسر کے ذریعے عدالت کو آگاہ کریں کہ اس معاملے میں کیا طریقہ کار اپنایا جانا ہے؟ انہوں نے ریمارکس دئیے کہ تمام ادارے عدالت کے لیے قابلِ احترام ہیں، تاہم اس معاملے میں واضح موقف آنا ضروری ہے،فاضل جج نے نمائندہ وزارت دفاع سے استفسار کیا کہ ان کیمرہ بریفنگ سے متعلق کیا ہدایات ہیں تاہم اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت سے کچھ وقت دینے کی استدعا کی جس پر فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ پندرہ سال گزر چکے ہیں مزید کتنا وقت دیا جائے ،بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔