• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع کاریزات کا نوٹیفکیشن فوری طور پر بحال کیا جائے، جمیل احمد

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) آل پارٹیز اولسی کمیٹی، بوستان، کاریزات،خانوزئی نانا صاحب کے رہنما جمیل احمد کاکڑ نے صوبائی حکومت سے 21 نومبر 2022 کو جاری ہونے والے ضلع کاریزات کا نوٹیفکیشن فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے حقوق کے حصول سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے ہماری پر امن جدوجہد جاری رہے گی اگر مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو کوئٹہ ، ژوب ، ڈی جی خان قومی شاہراہ کو بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت اور متعلقہ رکن صوبائی اسمبلی پر عائد ہوگی یہ بات انہوں نے عبدالباری کاکڑ ، اخونذادہ فیصل زمان ، حاجی نظام الدین کاکڑ ، فیصل زمان ، سمیع اللہ ، ولی افغان ، عطاء اللہ کاکڑ سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ 21 نومبر 2022ء کو بلوچستان حکومت کی جانب سے ضلع کاریزات ، برشور کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے خلاف رکن صوبائی اسمبلی نے برشور سے کوئٹہ تک پیدل مارچ اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ برشور کو ضلع کاریزات میں شامل نہ کیا جائے بلکہ پشین میں برقرار رکھا جائے جس پر حکومت نے 22 نومبر 2022ء کو ان کے مطالبات کو مانتے ہوئے دوسرا نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں تحصیل کاریزات اور تحصیل بوستان پر مشتمل نیا ضلع قائم کیا جبکہ برشور اور توبہ کاکڑی کو ضلع پشین میں شامل رکھا گیا اس کے فیصلے کے خلاف پشین کے عوام نے احتجاج کیا اور دھرنا دیا اور برشور کو پشین میں شامل کرنے کی مخالفت کی انہوں نے کہا کہ اب برشور کے نام سے نیا ضلع بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس میں بوستان ، کاریزات ، خانوزئی اور نانا صاحب کو شامل کرکے ضلعی ہیڈکوارٹر برشور رکھنے کی تجویز دی گئی جسے ہم کسی صورت قبول نہیں کرتے بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ 21 نومبر 2022ء کو جاری کردہ ضلع کاریزات کے اصل نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید