کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بے روزگار فارماسسٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری قاسم عزیز مینگل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 2 ہزار سے زائد بے روزگار فارماسسٹ کے لئے چند اسامیاں ناکافی ہیں بےروزگار فارماسسٹس کی تعداد کو مدنظر رکھ کر زیادہ اسامیاں مشتہر کی جائیں اور میرٹ پر بھرتیوں کے عمل کو یقینی بنایا جائے یہ بات انہوں نے یہاں پریس کانفرنس میں کہی اس موقع پر کاشف بلوچ اور فیصل سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں ، بھرتیوں کا طریقہ کار غیر شفاف ہے ، پرائیویٹ اسپتالوں میں فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کی عدم موجودگی اور تعیناتی بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے جس کی واضح مثال حال ہی میں ایک نرسری میں پیش آنے والا واقعہ ہے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن کے تحت ڈاکٹروں اور فارماسسٹس کی اسامیوں کو بھی کنٹریکٹ بنیادوں پر مشتہر کیا جانا امتیازی سلوک اور نا انصافی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیرشفاف طریقہ کار اور محکمہ صحت میں کنٹریکٹ پالیسی کا خاتمہ کرکے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیاں کی جائیں۔