• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1965،71کی جنگ کے ہیرو میجر (ر) راجہ نادر پرویز انتقال کر گئے

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) سابق وفاقی وزیر راجہ نادر پرویز انتقال کر گئے ، راجہ نادر پرویز اڈیالہ روڈ پر نادر سٹریٹ میں رہائش پذیر تھے ، 1971 کی جنگ میں مشرقی پاکستان سے قید ہونے والے راجہ نادر پرویز فتح گڑھ جیل میں سرنگ بنا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے ۔ 11 نومبر 1940ء کو لائل پور (اب فیصل آباد) میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کیڈٹ کالج حسن ابدال سے تعلیم حاصل کی۔ 1965ء کے معرکہ رن کچھ، 1965ء کی پاک بھارت جنگ اور 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے غازی تھے۔ 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے بعد بھارت میں فتح گڑھ کے جنگی قیدی کیمپ میں قید رہے اور وہاں سے فرار ہو کر بھوٹان اور نیپال کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ انہیں دو دفعہ ستارہء جرات سے نوازا گیا۔ کئی دفعہ فیصل آباد اور ایک دفعہ راولپنڈی سے ایم این رہے۔ وزیر مملکت اور وفاقی وزیر بھی رہے۔ راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر رہتے تھے۔ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق وفاقی وزیر برائے داخلہ راجہ نادر پرویز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مرحوم راجہ نادر پرویز ایک زیرک سیاستدان اور پارلیمان کے فعال رکن رہے، جنہوں نے عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی سیاسی و پارلیمانی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے مرحوم کے اہلِ خانہ اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم راجہ نادر پرویز کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا کرے۔
اسلام آباد سے مزید