لاہور (جنگ نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یکم فروری سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذومعنی اور طنزیہ پرومو نے ہلچل مچا دی ۔ اس اشتہار میں پاکستان کی روایتی پاکستانی مہمان نوازی کے ساتھ گزشتہ برس ایشیا کپ میں بھارت کے ’’ہینڈ شیک‘‘ تنازع کو انتہائی دلچسپ انداز میں دکھایا گیا ہے۔ پرومو میں بظاہر آسٹریلوی شہری کیلئے پاکستان میں غیر معمولی مہمان نوازی کو دکھایا گیا ہے۔ لاہور کی بادشاہی مسجد کے قریب پرتکلف کھانوں کے بعد بل کی ادائیگی پر بتایا جاتا ہے کہ یہ ’’آغا جی‘‘ نے ادا کر دیا ہے، جو پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا ہیں۔ دوسرے منظر میں ٹیکسی ڈرائیور کرایہ لینے سے انکار کر دیتا ہے، مگر رخصت ہوتے مسافر کو کہتا ہے کہ ’’ہینڈ شیک بھول گئے؟ لگتا ہے پڑوسیوں کے پاس بھی رُکے تھے۔‘‘ جو گزشتہ برس ایشیا کپ کے دوران پاک بھارت میچ میں مصافحہ نہ ہونے کے واقعے کی طرف اشارہ ہے ۔ اس پرومو کو صارفین میمز کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔ یوں سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی کرکٹ کے بجائے ہینڈ شیک ایک بار پھر مرکزِ نگاہ بن گیا ہے۔