کراچی (ذیشان صدیقی/اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیرِ اہتمام 25 روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول 2026“ کے دوسرے روز اسٹیج ڈرامہ ”مرزا غالب اِن کراچی“ پیش کیا گیا۔ ڈرامے کے رائٹر اور ڈائریکٹر وجیہہ وارثی جبکہ میوزک ڈائریکٹر مجتبیٰ نقوی تھے۔ ڈرامے میں مرزا شاکر بیگ دانش، سپنا غزل، قرۃ العین، عبداللہ حمیر، وجیہہ وارثی، حوریہ قریشی، عون حمیر، وہاج علی اور مناہل حمیر نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ کہانی میں افسانوی حقیقت کے امتزاج کے ساتھ مرزا غالب کو کراچی آتے دکھایا گیاہے۔ ڈرامہ بنیادی طور پر کراچی کی موجودہ سماجی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے، جس میں مرزا غالب کے منتخب اشعار اور چند غزلیں بھی پیش کی گئیں۔ اسٹیج پر ایک زندہ دل اور شوخ مرزا غالب شائقین کی توجہ کا مرکز رہے۔ ”مرزا غالب اِن کراچی“ میں فنکاروں کی شاندار اداکاری پر ہال قہقہوں سے گونج اٹھا، جبکہ شائقین نے بھرپور تالیاں بجا کر فنکاروں کو داد دی۔