کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے آتشزدگی کے شکار گل پلازہ میں ایک ہی گھر کے شہید ہونے والے چھ افراد میں سے چار کی شناخت کے بعد دہلی کالونی عید گاہ گراؤنڈ میں نماز جنازہ میں شرکت کی ، نماز جنازہ میں امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، سیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی و دیگر ہمراہ موجود تھے،بعد ازاں منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت گزشتہ 18برس سے اقتدار میں ہے، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور تمام متعلقہ ادارے انہی کے ماتحت ہیں، ان کے پاس وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ نااہلی، بدانتظامی اور کرپشن ہے،جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کو جینے کا حق دلانے کے لیے یکم فروری کو شارع فیصل پر عظیم الشان ”جینے دو کراچی کو“مارچ کرے گی، جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھ رہی ہے اور ہر سطح پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرے گی۔