کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ گل پلازہ میں لا پتا ہونے والے نیوکراچی گودھرا کے رہائشی حافظ عارف کا تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا ، والد نے اتوار کو گل پلازہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نو دن سے گل پلازہ کے چکر لگا رہے ہیں،کوئی جواب دینے والا نہیں، ہمیں لاش حوالے کی جائے، انہوں نے بتایا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے بعد جب بیٹے سے آخری مرتبہ بات ہوئی تو بیٹے نے بتایا کہ ابو، امی میری جان بچا لو مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا،ہم نے بیٹے سے کہا کلمہ پڑھو ہم آرہے ہیں ہم پہنچے تو گل پلازہ کے ایک کونے میں آگ لگی تھی دیکھتے ہی دیکھتے آگ ایک جانب سے دوسری جانب تک پھیل گئی، میرے قدم بوجھل ہوگئے، بیٹے کی کوئی نشانی مل جائے ہم چلے جائیں گے،لاش نہیں تو باقیات دے دیں ہمیں تسلی مل جائے گی،حافظ عارف کے دو بچے ہیں سوا سال کی بیٹی اور ایک ماہ کا بیٹا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،عارف کی والدہ اور بیوی کی حالت خراب ہے۔