کراچی(جنگ نیوز)وفاقی حکومت کا کراچی میں اکنامک زون قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی ٹنڈو محمد خان اور کراچی میں ایک ایک دانش اسکول بھی قائم کیے جائیں گے،وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے سندھ کے عوام خصوصاً کراچی کے تاجروں کو تحفہ دیا ہے۔ سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،اپنے بیان میں ترجمان حکومت پاکستان برائے سندھ بیرسٹر راجہ خلیق الزماں انصاری نے کہا ہے کہ وفاق نے سندھ میں تعلیمی اور معاشی ترقی کے بڑے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت سندھ میں تعلیمی اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے اہم اور دور رس منصوبے شروع کرنے جا رہی ہے، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر سندھ میں دو دانش اسکول قائم کیے جائیں گے جن میں ایک ٹنڈو محمد خان جبکہ دوسرا گڈاپ ملیر کراچی میں بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ دانش اسکول جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ ہوں گے اور بالخصوص پسماندہ و کم وسائل رکھنے والے علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے ضلع ملیر میں ایک اکنامک زون بھی قائم کرنے جارہی ہے جس سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔