باڑہ ( نمائندہ جنگ )وادی تیراہ متاثرین سے 13ہزار 725خاندانوں کا مکمل اندراج جبکہ شدید برفباری کے باعث نقل مکانی عارضی طور پر معطل ہے۔اب تک وادی تیراہ کے تقریباً 70فیصد خاندان نقل مکانی مکمل کر چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ 30 فیصد خاندان سخت موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہیں، تفصیلات مطابق وادی تیراہ سے متاثرہ خاندانوں کی نقل مکانی کا عمل اکیسویں روز میں داخل ہو گیا ہے، تاہم شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث مزید نقل مکانی عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک وادی تیراہ کے تقریباً 70 فیصد خاندان نقل مکانی مکمل کر چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ 30 فیصد خاندان سخت موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہیں۔نادرا کے تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق وادی تیراہ کے مجموعی طور پر 13 ہزار 725 خاندانوں کا مکمل اندراج کر لیا گیا ہے، جن میں نادرا بائیومیٹرک تصدیق اور موبائل سمز کا اجرا بھی شامل ہے۔ نادرا کی جانب سے قائم پانچوں رجسٹریشن مراکز میں رجسٹریشن کا عمل جاری رہا جس میں پائندی چینہ رجسٹریشن سنٹر میں 8 ہزار 797 خاندانوں، قمبر آباد مارکیٹ باڑہ بازار سنٹر میں 1 ہزار 27خاندانوں، کمرخیل اور آدم خیل کے مشترکہ سنٹر میں 911خاندانوں، برقمبرخیل تکیہ سنٹر میں 1 ہزار 687خاندانوں جبکہ ملک دین خیل بادشاہ خان کلے نویہ سنٹر میں 1ہزار 304خاندانوں کا اندراج مکمل کیا جا چکا ہے۔دوسری جانب شدید برفباری کے باعث وادی تیراہ میں محصور رہ جانے والے خاندانوں کے لیے ریلیف آپریشن جاری ہے۔