فیصل آباد (نمائندہ جنگ) بھارت اور یورپی یونین کے مابین فری ٹریڈ ایگریمنٹ سے یورپ میں پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ہوزری برآمدات میں کمی کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔ پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) کے سینئر وائس چیئرمین احمد افضل اعوان نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یورپی یونین میں پاکستان کے برآمدی مفادات کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کریں۔ واضح رہے کہ یورپ میں اس وقت پاکستان کو جی ایس پی پلس سکیم کے تحت ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہے لیکن اگر بھارت ایف ٹی اے کے ذریعے اس نوعیت کی ٹیرف رعایتیں حاصل کر لیتا ہے تو پاکستانی ایکسپورٹرز کو بھارت سے مسابقت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس 27 بین الاقوامی کنونشنز پر سختی سے عمل درآمد سے مشروط ہے جن میں انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، ماحولیات اور گورننس شامل ہیں جس سے برآمد کنندگان کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔