راولپنڈی(اے پی پی) چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مستقبل کے میدانِ جنگ میں ٹیکنالوجی پر مبنی حکمت عملی جسمانی نقل و حرکت کی جگہ لے گی، جس کے پیشِ نظر پاکستان کی مسلح افواج جدید ترین حربی صلاحیتوں اور کثیر جہتی جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیزی سے ارتقائی مراحل طے کر رہی ہیں‘مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں‘جدیدجنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے‘جہاں ٹیکنالوجی میں ترقی اس ارتقا کو آگے بڑھا رہی ہے اور اس کے نتیجے میںہر سطح پر اعلیٰ درجے کی تیاری ناگزیر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور گیریژن کے دورے اور خیرپور ٹامیوالی میں اعلی سطح کی فیلڈ مشقوں کے مشاہدے کے موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیرپور ٹامیوالی میں اعلی سطح کی فیلڈ مشق "استقامتِ عزم" کا مشاہدہ کیا۔ ان مشقوں میں ڈرونز ، جدید ترین نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر کے اثاثوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول کے جدید میکانزم جیسی جدید ٹیکنالوجیز کے انضمام کا مظاہرہ کیا گیا، جو کہ مسلح افواج کی ٹیکنالوجی پر مبنی کثیر جہتی آپریشنز پر توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔