کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں،وزیر اعلی سندھ، پولیو کیخلاف جنگ میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون پر شکر گزار ہیں، وفد سے ملاقات۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے ایک وفد کی ملاقات ،وفد کی قیادت فاؤنڈیشن کے عالمی صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس کر رہے تھے۔ ملاقات کا مقصد سندھ، پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لئے مزید تعاون اور اشتراکِ عمل کو فروغ دینا تھا۔یہ ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی جس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری صحت جمشید میمن اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر شارق میمن نے شرکت کی۔ ملاقات میں سندھ میں پولیو کی موجودہ وبائی صورتحال اور 2026 کے لئے اسٹریٹجک منصوبے پر غور کیا گیا۔ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد میں ڈاکٹر انیتا زیدی (صدر، جینڈر ایکوالٹی ڈویژن)، ڈاکٹر کیتھی نیوسل (ڈائریکٹر پولیو) اور ڈاکٹر مائیکل گیلے وے (ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو) شامل تھے۔