کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کےصدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ٹرمپ، نتن یاہو اور یورپ نے احتجاجی کشیدگی کو ہوا دی، مظاہروں کے ذمہ دار یہ سب ہیں ، معاشی بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بدامنی پھیلائی گئی،احتجاج محض سماجی مسئلہ نہیں تھا،ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ سائنس دان شہید کرکے جوہری صلاحیت خاتمہ ممکن نہیں، سب شہید ہوجائیں تو بھی ایٹمی صلاحیت ختم نہیں ہوگی، حملہ ہوا توامریکی، خطے اور اسرائیلی سلامتی خطرے میں ہوگا ، صدر پزشکیان نے سرکاری ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ حالیہ احتجاجی مظاہروں میں غیر ملکی طاقتوں نے ایران کے معاشی بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں کو اشتعال دلا کر ملک میں کشیدگی پیدا کی۔ غیر ملکی قوتوں نے اشتعال انگیزی، تقسیم اور وسائل کی فراہمی کے ذریعے بعض معصوم افراد کو ایسی تحریک میں دھکیلا جس کا مقصد قوم کو توڑنا تھا۔ صدر پزشکیان نے حکومت پر زور دیا کہ عوامی شکایات کو سنجیدگی سے سنا جائے اور انصاف کے اصولوں کے تحت کام کیا جائے تاکہ کسی طاقت کے لیے ایران یا اس کی حکومت کو کمزور کرنا ممکن نہ رہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی واضح کیا کہ ایران جوہری مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر اپنے میزائل اور دفاعی پروگرام پر کوئی سودا نہیں کرے گا۔