کراچی (رفیق مانگٹ) امریکہ ایران جنگ ٹالنے کی آخری کوششیں،عرب اور مسلم ممالک میدان میں،ترکی اور پاکستان کی حمایت، ٹرمپ کے سخت مطالبات، تہران کو ہتھیار ڈالنے کے مترادف محسوس ہو رہے ہیں،یورینیم افزودگی اور میزائل پروگرام پر مکمل پابندی کا امریکی مطالبہ، ایران کے وزیرِ خارجہ انقرہ میں، برطانوی اخبار۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ نئی جنگ کے بادل گہرے ہوتے جا رہے ہیں، ایسے میں عرب اور مسلم طاقتیں آخری لمحوں میں سفارتی محاذ سنبھال چکی ہیں۔ خدشہ ہے کہ واشنگٹن کے سخت مطالبات کو تہران ہتھیار ڈالنےکے مترادف سمجھے گا، جس کے باعث مشرقِ وسطیٰ ایک اور بڑے تصادم کی طرف بڑھ سکتا ہے۔فنانشل ٹائمز کے مطابق عرب اور مسلم ممالک امریکہ اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے کے لیے آخری درجے کی سفارتی کوششیں کر رہے ہیں، کیونکہ یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ ایران، ٹرمپ کے سخت مطالبات ماننے سے انکار کر دے گا۔قطر، عمان اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک نے امریکہ اور ایران دونوں کے ساتھ رابطے تیز کر دیے ہیں تاکہ کشیدگی کم کی جا سکے، جو اس وقت مزید بڑھی جب ٹرمپ نے تہران کو خبردار کیا کہ وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ترکی، جو پاکستان کی طرح ان عرب کوششوں کی حمایت کر رہا ہے۔