• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت ٹاکرا بائیکاٹ؛ محمود بشیر ورک نے فیصلے کو بنگلہ دیش سے یکجہتی قرار دے دیا

اسلام آباد (صالح ظافر)پاک بھارت ٹاکرا بائیکاٹ؛ محمود بشیر ورک نے فیصلے کو بنگلہ دیش سے یکجہتی قرار دے دیا۔ بھارت کے ساتھ آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا اور اس کے مختلف پہلوؤں پر قومی اسمبلی میں بحث کی جائے گی۔ ممتاز قانون دان اور قومی اسمبلی کے پاکستان بنگلہ دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینر، محمود بشیر ورک (ایم این اے) نے کہا ہے کہ (بھارت کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کے) فیصلے کے منطقی جواز اور وجوہات کو پارلیمنٹ میں نمایاں کیا جائے گا۔جنگ سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے محمود بشیر ورک نے بھارت کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے کو سراہا اور اسے خوش آئند قرار دیا۔ یہ فیصلہ پاکستانی عوام کے جذبات اور برادر ملک بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ ان کی یکجہتی کی حقیقی عکاسی ہے۔ بھارت کو اب یہ احساس ہو جانا چاہیے کہ ان دونوں برادر ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ (فرینڈشپ) گروپ کے اراکین آج (پیر کو) پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے صدر، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ساتھ اس معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے جب دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو آئی سی سی کے ’انتہا پسند ہندو سربراہ‘ کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، جو کرکٹ کے فروغ کے بجائے دہشت گرد ’ہندوتوا‘ کے ایجنڈے پر پوری وفاداری سے عمل پیرا ہے۔
اہم خبریں سے مزید