کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے نمائندہ وفد نے مرکزی انجمن تاجران کے صدر رحیم کاکڑ ، حضرت علی اچکزئی سمیت دیگر سے ملاقات کی ۔ وفد میں کبیر افغان ، سردار زین العابدین خلجی ، ولایت حسین ، حاجی صورت خان کاکڑ ، امیر آغا ، محمد یونس شامل تھے ۔ وفد نے تاجر رہنماوں سے 8 فروری کو پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ وفد میں شامل رہنماوں نے کہا کہ ملک بالخصوص صوبے میں امن وامان کی صورتحال ، باڈر ٹریڈ کی بندش ، تجارت اور روزگار کے دروازے بند ، شورومز ، گوداموں ، مارکیٹوں ، تجارتی مراکز پر فورسز اور اداروں کے چھاپوں کی صورتحال نے تاجروں ، دکانداروں ، مزدوروں اور غریب عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا ہے ۔ سازش کے تحت تجارت ختم کرنے اور عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے ۔ ملاقات میں مرکزی انجمن تاجران نے 8 فروری کے پہیہ جام اور شٹرڈاؤن کی بھرپور حمایت کی ۔