کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور اُن کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی و ضلعی عہدیداران، اسکاؤٹس، اساتذہ، سماجی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔جسٹس (ر) حسن فیروز نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری سید اختر میر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پاکستان کی قومی ذمہ داری ہے۔ تقریب کے دوران اسکاؤٹس نے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے جن میں کشمیری عوام کی مظلومیت، جدوجہد اور قربانیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے نعرے درج تھے، جبکہ پورا آڈیٹوریم "کشمیر بنے گا پاکستان" اور "ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں" جیسے نعروں سے گونجتا رہا۔