کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) سابق صوبائی وزیر عنایت خان کاسی نے کہاہے کہ پانچ فروری دنیا بھر میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن ہے یہ وہ دن ہے جب پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں بسنے والے مسلمان اور آزادی پسند انسان، مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں اور یہ پیغام دیتے ہیں کہ اہل کشمیر تنہا نہیں ہیں یہ باتیں انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں انہوں نے کہاکہ کشمیر ایک جنت نظیر وادی ہےمگر بدقسمتی سے یہ وادی کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہے معصوم بچوں کی چیخیں، ماؤں کی سسکیاں، نوجوانوں کی قربانیاں اور بہنوں کی بے حرمتی یہ سب اس المیے کی گواہی ہیں جسے کشمیری عوام روز جھیل رہے ہیں یومِ یکجہتیٔ کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اقوامِ متحدہ کی قراردادیں آج بھی کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دینے کی متقاضی ہیں مگر عالمی طاقتوں کی خاموشی اس ظلم کو مزید طول دے رہی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کا وجود ہی اس وعدے سے جڑا ہے کہ وہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر حال میں جاری رکھے گا۔