• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ اسلام آباد، بھارتی فنڈنگ اور سرپرستی، ہر قسم کی دہشت گردی فنڈنگ انڈیا سے، پہلے 5 سو اب 15 سو ڈالر دیئے جاتے ہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد، راولپنڈی (نمائندہ خصوصی، طاہر خلیل، اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت پس پردہ رہ کر پاکستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورک آپریٹ کر رہا ہے، بھارتی فنڈنگ اورسرپرستی، ہر قسم کی دہشت گردی فنڈنگ انڈیا میں، پہلے 5سو اب 15سو ڈالر دیئے جاتے ہیں، ہم حالت جنگ میں ہیں، شہری بھی مدد کریں تو فائدہ ہوگا، 21 دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہو رہی ہیں، دعوے سے کہتا ہوں ایک دھماکا ہوا لیکن 99 دھماکے روکے بھی ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ’’یہ جو دہشت گردی واپس آئی ہے، اسکے پیچھے PTI ہے‘‘ ،آج ہم طالبان خان کی سوچ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، دوسری جانب دہشت گردوں کیخلاف کراچی سے پشاور تک آپریشن شروع کر دیا گیا ،سیکورٹی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کے افغان ماسٹر مائنڈ سمیت 4 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مارے،جس میں ایک اے ایس آئی شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کے 4 سہولت کار گرفتار کر لیے گئے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ آپریشنز ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کے نتیجے میں کیے گئے، خود کُش حملے کا داعش افغانی ماسٹر مائنڈ بھی گرفتار کر لیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ حملے کی منصوبہ بندی، تربیت اور ذہن سازی افغانستان میں داعش نے کی، افغان طالبان کی سرپرستی میں داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں خطے اور عالمی امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد خودکش حملےکی ساری پلاننگ داعش افغانستان نےکی، حملےکا ماسٹر مائنڈ ہماری حراست میں ہے ، سی ٹی ڈی نے واقعے سے منسلک تمام افراد کو پکڑلیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کو تمام ٹارگٹ بھارت دے رہا ہے اور پوری فنڈنگ کر رہا ہے، بھارت نے مئی کی شکست کے بعد اب دہشت گردی کیلئے بجٹ تین گنا بڑھادیا ہے، یہ دہشت گردوں کا دس گنا بجٹ کردیں ہم اس کو روکیں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوشہرہ اور پشاور میں 4 سہولت کار گرفتار کیےگئے، سی ٹی ڈی خیرپختونخوا نےگرفتاری میں مدد کی، ماسٹرمائنڈ کا تعلق کالعدم داعش سے ہے اور ہماری حراست میں ہے۔

اہم خبریں سے مزید