کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں دو بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک بھائی سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے،ایک شخص کی لاش ملی۔تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے زرداری پیٹرول پمپ کے قریب ٹریلر نے گدھا گاڑی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں گدھا گاڑی پر سوار بچے سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔ حادثے میں ایک گدھا بھی ہلاک اور ایک زخمی ہوا ۔ متوفین کی شناخت 24 سالہ طارق ولد شریف اور 14 سالہ ضمیر جبکہ زخمی ہونے والے لڑکے کی شناخت 17 سالہ حکیم کے نام سے کی گئی ۔ جاں بحق و زخمی ہونے والے آپس میں بھائی اور سبزی منڈی کے قریب ہنگورو گوٹھ کے رہائشی ہیں جبکہ ان کا آبائی تعلق دادو سے ہے ۔ حادثے کا شکار افراد سبزی منڈی سے گھاس خرید کر مختلف علاقوں میں فروخت کرنے کا کام کرتے تھے ۔واقعہ کے بعد حادثے کا ذمے دار ٹریلر ڈرائیور موقع فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ شیرشاہ شاہین ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت 45 سالہ عابد ولد محمد یوسف کے نام سے ہوئی۔ لیاری ایکسپریس وے سے آگرہ تاج اترتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر بچہ جاں بحق ہو گیا متوفی بچے کی شناخت 10 سالہ احمد رضا ولد دلاور کے نام سے کی گئی۔نیو کراچی سیکٹر 5/b3 کے قریب روڈ کنارے سے ایک شخص کی لاش ملی ۔متوفی کی عمر 45 برس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت اور وجہ موت کا تعین نہیں ہو سکا ہے ۔