• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے، ایم ڈبلیو ایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سانحہ اسلام آباد مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والی بزدلانہ دہشتگردی کے خلاف تیسرے روز بھی ملک بھر میں یومِ سوگ منایا گیا ، ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کے ضلعی دفاتر میں 50 سے زائد مقامات پر تعزیتی تقریبات،احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی،مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ حیات عباس نجفی ،علامہ صادق جعفری و دیگر نے کہا کہ مسجد جیسی مقدس جگہ میں معصوم نمازیوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے، مگر اس سے بھی بڑا المیہ یہ ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مجرمانہ خاموشی اور مسلسل غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور کالعدم جماعتوں کے دہشتگرد اسلام آباد سمیت ملک بھر میں دندناتے پھر رہے ہیں،نفرت انگیز بیانیہ تفرقہ بیانات، جلسے جلوسوں کے باوجود حکومت ان جماعتوں کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، بلکہ مسلسل ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکے اور مذہبی مقامات پر حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت صرف بیانات اور دعووں تک محدود ہو چکی ہے،اگر ریاست اپنی بنیادی ذمہ داری پوری نہیں کر سکتی تو اسے عوام کو جواب دینا ہوگا،رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ مسجد خدیجۃ الکبریٰ کی فوری عدالتی تحقیقات ،شہداء کے لواحقین کو انصاف اور مکمل تحفظ فراہم ،مذہبی مقامات کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، جب تک قاتلوں کو کیفرِ کردار تک نہیں پہنچایا جاتا ہمارا پر امن احتجاج جاری رہے گی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید