کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی میں سستا رہائشی مکان عام شہری کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے، اور میگا سٹی کی 60 فیصد سے زائد آبادی کچی آبادیوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے جو حکومت کی ناکام پالیسیوں کا کھلا ثبوت ہے۔ حکومت نے رہائش کے اہم شعبے کو جان بوجھ کر نظر انداز کر رکھا ہے تاکہ طاقتور رئیل اسٹیٹ ٹائیکونز اور لینڈ مافیا کو فائدہ پہنچایا جا سکے جبکہ عام شہری بدترین حالات میں رہنے پر مجبور کرائے آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔ کراچی میں رہائش کا بحران اب ایک مکمل سماجی اور معاشی تباہی کی شکل اختیار کر چکا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے لیے ایک شفاف لینڈ اتھارٹی قائم ، نجی ڈویلپرز کو سستے گھروں کا کوٹہ لازمی دیا جائے ، موجودہ کچی آبادیوں کو اپ گریڈ کر کے لیز اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، کم آمدنی والے طبقات کے لیے آسان ہاؤسنگ فنانس متعارف کرایا جائے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے ڈی اے فوری طور پر کم آمدنی والے شہریوں کے لیے میگا ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان کرے اور ایل ڈی اے ہاکس بے اسکیم 42پر ترقیاتی کام شروع کر کے الاٹیز کو قبضہ دے۔