• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی کا بحران، سائٹ میں واٹر سپلائرز کی ہڑتال، 1800 فیکٹریز بند

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )دھابے جی کے مقام پر کراچی واٹر کارپوریشن کی پانی سپلائی کی لائن پھٹنے کے ساتھ ہی سائٹ اور دیگر انڈسٹریل ایریاز کو زیر زمین پانی سپلائی کرنے والے ٹھیکیداروں نے بھی ہڑتال کر دی ہے۔ جس پر انڈسٹریل ایریاز میں کاروبار کام شدید متاثر ہوگیا۔ اس سلسلے میں سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عظیم نے اس نمائندے کو بتایا کہ سائٹ کی انڈسٹریز کی یومیہ 50 ملین گیلن پانی کی طلب ہے جبکہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے صرف ایک سے دو ملین پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ کارخانے چلانے کیلئے باقی ضرورت زیر زمین پانی سپلائی کرنے والے ٹھیکیدار پوری کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دھابے جی کے مقام پر زیر زمین لائن پھٹنے سے کراچی بھر میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ ایسے میں انڈسٹریل ایریا میں بھی پانی نہیں مل رہا اس کے ساتھ ہی اپنے مطالبات کے حق میں زیر زمین پانی سپلائی کرنے والوں نے ہڑتال کر دی ہے انہوں نے بتایا کہ اس سے سائٹ کی 4500 فیکٹریاں متاثر ہوئی ہیں تاہم 1800 ایسے یونٹس ہیں جو پانی کے بغیر نہیں چل سکتے جو بند ہوگئے ہیں۔ احمد عظیم کے مطابق سندھ حکومت خاص طور پر میئر کراچی کو اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے۔ کیونکہ سائٹ میں فیکٹریاں چلیں گی تو ملکی معیشت آگے بڑھے گی۔
اہم خبریں سے مزید