• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی سولر پالیسی کا اطلاق صرف نئے صارفین پر ہوگا، اویس لغاری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ نئی سولر پالیسی کا اطلاق صرف نئے صارفین پر ہوگا، 2کروڑ 10لاکھ صارفین کو بجلی کی قیمت میں 70 فیصد رعایت دینا ممکن نہیں۔ کرکٹ تجزیہ کار ڈاکٹر نعمان ایاز نے کہا کہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی دباؤ میںہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں چار روپے فی یونٹ کمی سے صنعتکاروں کو کس حد تک فائدہ پہنچے گا؟ کیا سولر پالیسی میں تبدیلی کے نتیجے میں گرڈ سے حاصل کی جانے والی بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوگا؟ بینکوں سے قرضوں کے حصول کے باوجود گردشی قرضے میں75 ارب روپے کا اضافہ کیوں ہوا؟ اور کئی برسوں سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے دعوے کب عملی شکل اختیار کریں گے؟پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ صنعتی شعبے کے لئے بجلی کے نرخ اب خطے کے دیگر ممالک کے قریب آ چکے ہیں۔ بنگلہ دیش میں چھ سے سات سینٹ فی یونٹ بجلی کی جو بات کی جاتی ہے، وہ حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحبِ حیثیت افراد سولر سسٹم نصب کر کے200 یونٹس سے کم استعمال کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہو جاتے ہیں۔ 200 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد90 لاکھ سے بڑھ کر 2کروڑ 10لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ اتنے بڑے طبقے کو بجلی کی قیمت میں 70 فیصد رعایت دینا ریاست کے لئے ممکن نہیں۔
اہم خبریں سے مزید