ٹوکیو(عرفان صدیقی)جاپان میں 8فروری 2026کو ہونے والے فوری عام انتخابات کے تازہ ترین اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (LDP) نے ایک تاریخی اور فیصلہ کن کامیابی حاصل کر لی ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایل ڈی پی نے اکیلے 291 نشستیں حاصل کی ہیں، جبکہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکمران اتحاد کی مجموعی نشستوں کی تعداد 313 سے بڑھ کر 323 تک پہنچ چکی ہے۔ اس طرح 465 رکنی ایوانِ زیریں میں حکومت کو واضح طور پر دو تہائی اکثریت حاصل ہو گئی ہے، جو جاپانی پارلیمانی تاریخ میں ایک غیر معمولی سیاسی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔یہ شاندار فتح وزیر اعظم سانائے تاکے ایچی کے لیے ایک مضبوط عوامی مینڈیٹ کی حیثیت رکھتی ہے، جس کے بعد ان کے دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہونے کے امکانات نہایت مضبوط ہو گئے ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ ووٹرز نے سیاسی استحکام، مضبوط قیادت اور واضح پالیسی سمت کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔دو تہائی اکثریت حاصل ہونے کے بعد حکومت کو قانون سازی اور اہم قومی فیصلوں میں غیر معمولی سہولت حاصل ہو جائے گی۔ ایسے قوانین جو ماضی میں اپوزیشن یا ایوانِ بالا کی رکاوٹوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہتے تھے، اب نسبتاً آسانی سے منظور ہو سکیں گے۔ اس میں دفاعی پالیسی، قومی سلامتی، ٹیکس اصلاحات اور امیگریشن سے متعلق قوانین شامل ہیں۔خاص طور پر جاپان میں رہائش پذیر غیر ملکیوں اور مستقبل میں غیر ملکی ورکرز کو لانے سے متعلق پالیسیوں پر نظرِ ثانی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔