اسلام آباد( نامہ نگار/ایجنسیاں)ایوان زیریں میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے قومی حکومت کی تجویز دیتے ہوئے کہاہے کہ قومی حکومت بنا کر صاف شفاف انتخابات کرائیں جائیں‘ دہشتگردوں سے خلاصی کا طریقہ عدل ہے‘اسد قیصر کا کہناتھاکہ قراردادیں پاس کرتے ہیں لیکن عملاً کوئی نتیجہ نہیں نکلتاکیوں بندکمروں میں پالیسیاں تیار ہورہی ہیں ‘ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان حالت جنگ میں ہے‘ افغانستان چھپ کر وار کر رہاہے ‘اہم نازک مرحلے پر ہم سب کو متحد ہونا چاہئے ‘ہم نے 2کرائے کی جنگیں لڑیں پھر استعمال کر کے پھینک دیا گیا، امریکا نے چھوڑا پھر بھی عقل نہیں آئی، نائن الیون کی تحقیقات کا آج تک پتہ نہیں چلا مگر اس میں افغان، پشتون یا ہزارہ ملوث نہیں‘اگر سیاست ریاست کے تابع ہوجائے تو سارے جھنجھٹ ختم ہوجائیں گے۔پیر کو قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہاکہ دہشت گردی کا آغاز اس دن ہوا جب بڈھ بیر سے امریکی جہاز اڑا ،روسیوں نے کہا پشاور سے ہماری جاسوسی ہوتی ہے‘بے انصافی کے نتیجے میں بھائیوں کا گزارا مشکل ہو جاتا ہے ،آئیں اس ملک کو انصاف کے ساتھ چلائیں ‘ہماری ایجنسیوں کا مسئلہ ہے کہ وہ لیڈر ایجاد کرنے میں لگی ہیں ‘دنیا کی افواج کی طرح ہماری افواج کو گزارا کرنا ہوگا‘راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ یہ فرقہ وارانہ جھگڑا نہیں ہے‘ پوی دنیا کو پتہ ہونا چاہیے کہ ہندوستان پاکستان کی سالمیت کے در پے ہے وہ بزدل دشمن ہے ‘اس کے تدارک کا ہتھیار باہمی اتفاق ہے ‘ سب کو سیاست مبارک ہو لیکن جب پاکستان میں امن کی بات ہو تو ہماری آواز ایک ہونی چاہیے۔