• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی مصطفیٰ ڈار سیاسی میدان میں داخل، وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر مقرر

اسلام آباد(محمد صالح ظافر)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے بڑے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد ، علی مصطفیٰ ڈار باقاعدہ طور پر سیاست میں داخل ہو گئے ہیں۔ انہیں پنجاب میں صوبائی وزیر کا درجہ دے دیا گیا ہے، جس کے تحت وہ صوبائی اسمبلی میں بیٹھنے اور ایوان کی کارروائی میں حصہ لینے کا اختیار رکھیں گے۔ علی مصطفیٰ ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی چھوٹی اور اکلوتی بہن عاصمہ کے شوہر ہیں، جو دبئی میں مقیم ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے علی ڈار کو ʼمصنوعی ذہانتʼ اور خصوصی اقدامات کا مشیر مقرر کیا ہے،، اور اس مقصد کے لیے ایک نیا محکمہ بھی قائم کیا گیا ہے جس کا مقصدصوبے میں جدت پسندی، ٹیکنالوجی کا فروغ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے وابستہ منصوبے ہوں گے۔یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہے، ۔ ذرائع کے مطابق، اپنے نئے کردار میں علی ڈار مستقبل کے ایسے منصوبوں کی تیاری اور نفاذ پر توجہ مرکوز کریں گے جن کا مقصد گورننس میں بہتری، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور AI کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔علی ڈار سائنس اور ٹیکنالوجی کا تعلیمی پس منظر رکھتے ہیں۔نہوں نے یونیورسٹی کالج لندن (UCL) اور یونیورسٹی آف مانچسٹر انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (UMIST) سے سافٹ ویئر انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے۔ ایچی سن کالج لاہور سے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ سن 2000 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے تھے۔بین الاقوامی سطح پر دو دہائیوں سے زائد کام کرنے کے بعد، علی ڈار 2024 کے انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی کے بعد سے پاکستان کے لیے بلا معاوضہ (رضاکارانہ) خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پردے کے پیچھے ان کے کردار میں اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی ملاقاتوں میں سہولت کاری اور ٹیک و رئیل اسٹیٹ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم کاروباری شخصیات کو پاکستان کا دورہ کرنے اور سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرنا شامل ہے۔2024 میں پاکستان واپسی سے قبل علی ڈار نے برطانیہ میں اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارا۔ پرائیویٹ سیکٹر میں انہوں نے متحدہ عرب امارات (UAE) میں رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کا ایک بڑا گروپ ʼایچ ڈی ایس (HDS) گروپ آف کمپنیزʼ قائم کیا اور 2024 تک اس کے سی ای او کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اب اس کمپنی کی نگرانی ان کے چھوٹے بھائی حسنین ڈار کر رہے ہیں۔ علی مصطفیٰ ڈار ایک خوش اخلاق شخصیت کے مالک ہیں اور اس سے قبل وہ کسی تشہیر کے بغیر اوورسیز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید