کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے پہاڑی علاقے پان غر میں نامعلوم افراد نے ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور دھماکے سے اڑادیا۔پولیس نے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو تباہ کرنے کی وجہ سے پی ٹی سی ایل ، ڈی ایس ایل انٹرنیٹ سسٹم معطل ہوگئیں، ہرنائی سنجاوی روڈ زندہ پیر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ناکہ بندی کی گئی۔پولیس نے کہا کہ نامعلوم مسلح افراد نے ہرنائی سنجاوی روڈ پر ڈیلکونہ پولیس تھانہ کی عمارت کو دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچایا تاہم اس وقت پولیس تھانہ میں پولیس اہلکار موجود نہیں تھے۔پولیس مزید کارروائی کررہی ہے ،علاوہ ازیں چاغی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے 5گیس باؤزر کو آگ لگادی،سیکورٹی فورسز کے مطابق چاغی کے علاقے نوک جاہ میں کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے 5گیس باؤزر کو روک کرانہیں آگ لگادی جس سے باؤزر جل کرخاکستر ہوگئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مزید کارروائی شروع کردی،بلوچستان کے ضلع نوشکی میں باٹو کے گاؤں نوشکی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے سیکیورٹی فورسز کے ایک بڑے قافلے پر حملہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق قافلہ بلٹ پروف گاڑیوں میں نوشکی شہر جا رہا تھا۔اس دوران مسلح افراد نے قافلے کے ساتھ آنے والے پولیس اہلکاروں پر بھی حملہ کیا۔ حملے میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ وہ بحفاظت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ دریں اثنا پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پرروک دیا گیا،ریلوے حکام کے مطابق مسافروں کو جیکب آباد تا کوئٹہ کا کرایہ ریفنڈ کردیا جائے گا۔ جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پرروکنے کی وجہ سے مسافروں کو گرمی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔