اسلام آباد(رانا غلام قادر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیپرا کی جانب سے سولر کے حوالے سے نئے ریگولیشنز کے اجرا کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ پاور ڈویژن نیپرا کو موجوہ سولر صارفین کے کنٹریکٹ کے تحفظ کے حوالے سے فورا نظر ثانی کی اپیل دائر کرے تاکہ موجودہ کنٹریکٹس کا ہرممکن تحفظ یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 4 لاکھ 66 ہزار سولر صارفین کا بوجھ 3 کروڑ 76 لاکھ سے زائد صرف نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہ پڑے، اس حوالے سے پاور ڈویژن جامع لائحہ عمل تشکیل دے۔ منگل کوجاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت نیپرا کی جانب سے نئے ریگولیشنز کے اجرا پر خصوصی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر نجکاری محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔