کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات،فائر بریگیڈ نے قابو پالیا ، تفصیلات کے مطابق ناظم آباد انڈر پاس کے قریب شارٹ سرکٹ کے باعث چلتی گاڑی میں اچانک بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، اطلاع پر ایک فائر ٹینڈر نے فوری طورپر آگ پر قابو پالیا، گاڑی میں موجود کلامِ پاک محفوظ رہا،فائر بریگیڈ حکام کے مطابق لیاقت آباد ایف سی ایریا میں دوسری منزل پر ایک فلیٹ میں لگنے والی آگ کو ایک فائر ٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر بجھادیا ، فلیٹ کاایک کمرہ متاثر ہوا ہے، سپرہائی وے محمد گوٹھ کے قریب گتے کے گودام میں آگ لگ گئی ، فائربریگیڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک فائرٹینڈر کی مدد سے آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا ، آتش زدگی کے نتیجے میں خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا ۔